ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک انتخاب ختم ہوتے ہی بڑھیں گی پٹرول-ڈیزل کی قیمت

کرناٹک انتخاب ختم ہوتے ہی بڑھیں گی پٹرول-ڈیزل کی قیمت

Sun, 13 May 2018 00:32:23    S.O. News Service

نئی دہلی،12؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کرناٹک انتخاب ختم ہونے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ تیل کمپنیوں نے ہفتہ کی رات 12 بجے سے قیمتوں میں اضافے کا ارادہ کر لیا ہے۔چناو تھے اس لئے آپ کو راحت دی گئی تھی۔ چناو ختم ہو گئے، آپ کا ووٹ مل گیا، لہٰذا آپ کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاری ہو چکی ہے اور یہ ڈاکہ ڈالا جائے گا تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے۔ ملک بھر میں پچھلے تقریباً ایک ماہ سے تیل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ حالانکہ اس دوران خام تیل کی قیمتیں بھی بڑھتی رہیں ہیں اور روپے نے بھی غوطہ لگایا ۔

24 اپریل سے تیل کمپنیوں نے پٹرول-ڈیزل کے ریٹیل داموں میں کوئی اضافہ نہیں کیاہے۔ لیکن کرناٹک میں انتخابات ختم ہونے کے ساتھ ہی ہفتہ کی نصف شب (یعنی آج ) سے تیل کے داموں میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری تیل کمپنیاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا ارادہ کر چکی ہیں۔

گزشتہ مہینے کے دوران بین الاقوامی بازار میں خام تیل بھی مہنگا ہوا ہے اور اس دوران روپے کی قیمت میں بھی گراوٹ آئی ہے لیکن ایک غیر تحریری ہدایت کے سبب کمپنیوں نے 24 اپریل کے بعد سے قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ لیکن اب سرکاری تیل کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق 13 مئی سے پٹرول کی قیمت میں تقریباً 1.50 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

پچھلے ایک مہینے کے دوران خام تیل کی قیمتوں پر نظر ڈالی جائے تو پٹرول کی قیمت 3 روپے فی لیٹر تک بڑھائی جا سکتی ہیں لیکن شاید 3 روپے ایک ساتھ بڑھانے سے عوام کا غصہ نہ پھوٹے اس لئے اسے سلسلہ وار طریقے سے بڑھایا جائے گا۔

یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ اصولوں کے مطابق سرکاری تیل کمپنیاں بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت اور روپے کی قیمت کی بنیاد پر پٹرول اور ڈیزل کی ریٹیل قیمت طے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ لیکن گجرات چناو کے دوران بھی تقریباً 2 ہفتوں کے لئے قیمتیں نہیں بڑھائی گئی تھیں اور اب کرناٹک چناو کے مد نظر قیمتیں 24 اپریل سے اپنی جگہ پر منجمد ہیں۔ فی الحال دہلی میں پٹرول کی قیمت 74.63 روپے فی لیٹر پر ہے جبکہ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 4 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔


Share: